معروف شاعر گلزار کی جائے پیدائش کو تاریخی ورثہ قرار دے کر محفوظ کیا جائے گا، ڈپٹی کمشنر جہلم

دینہ: ضلع جہلم کی تحصیل دینہ میں واقع عالمی شہرت یافتہ شاعر گلزار کی جائے پیدائش کو تاریخی و ثقافتی ورثہ قرار دے کر محفوظ کیا جائے گا۔

یہ اعلان ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد کے ہمراہ گلزار کی قدیمی رہائش گاہ کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحصیل دینہ کی یہ سرزمین اس بات پر بجا طور پر فخر کر سکتی ہے کہ یہاں سے تعلق رکھنے والے سمپورن سنگھ کالڑا المعروف گلزار نے دنیا بھر میں اپنی شاعری، نثر اور فلمی خدمات کے ذریعے بے مثال مقام حاصل کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ گلزار کی جائے پیدائش کو ثقافتی ورثے کے طور پر محفوظ کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ بھرپور اقدامات کرے گی تاکہ آئندہ نسلیں بھی اس علمی و ادبی شخصیت کے بارے میں جان سکیں۔

یاد رہے کہ معروف بھارتی شاعر، ادیب اور فلم ساز گلزار 1934 میں پاکستان کے ضلع جہلم کی تحصیل دینہ میں پیدا ہوئے تھے۔ تقسیم ہند کے بعد وہ بھارت منتقل ہو گئے جہاں انہوں نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں سے عالمی سطح پر بے مثال شہرت حاصل کی۔ گلزار کی شاعری، گیت نگاری اور فلمی خدمات کو نہ صرف بھارت بلکہ پاکستان اور دنیا بھر میں سراہا جاتا ہے۔

دلچسپی کی بات یہ ہے کہ کچھ عرصہ قبل گلزار نے تحصیل دینہ کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے اپنے آبائی گھر اور جائے پیدائش کا دیدار کیا اور اپنی بچپن کی یادیں تازہ کیں۔ ان کے اس دورے نے نہ صرف مقامی لوگوں کے دلوں کو گرما دیا بلکہ دونوں ممالک کے درمیان ایک جذباتی اور ثقافتی رشتہ بھی اجاگر کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گلزار کی رہائش گاہ کو ثقافتی ورثے کے طور پر محفوظ کرنے سے جہلم اور دینہ کی پہچان عالمی سطح پر مزید مستحکم ہو گی اور اس سے علاقے میں سیاحت کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔

Exit mobile version