گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج پیر پھلاہی میں داخلہ مہم کا آغاز

پڑی درویزہ: تین اضلاع کے سنگم پر واقع گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج پیر پھلاہی چکوال کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عزیز الرحمن نے تعلیمی سیشن 2025-27 کے لیے داخلہ مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق تحصیل صدر مقام سوہاوہ سے ضلعی صدر مقام چکوال تک تقریباً 70 کلومیٹر کے طویل علاقے میں قائم یہ واحد گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج ہے جو راولپنڈی، چکوال اور جہلم کے سنگم پر واقع ہے۔ یہ کالج 1983 میں سابق وفاقی وزیر رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالمجید ملک کی کاوشوں سے قائم کیا گیا تھا۔ اس وقت اسی کالج کے سابق طالبعلم اور ماہر ریاضی پروفیسر ڈاکٹر عزیز الرحمن بطور پرنسپل خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

گزشتہ سال 2024-25 کے دوران داخلہ کے حوالے سے پورے راولپنڈی ڈویژن میں یہ کالج دوسرے نمبر پر رہا۔ اس نمایاں کامیابی پر کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عزیز الرحمن کو صوبائی وزیر تعلیم کالجز کی جانب سے خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا۔

ان دنوں پرنسپل ڈاکٹر عزیز الرحمن نے گردونواح کے گورنمنٹ ہائی سکولوں میں کالج کے لیے داخلہ مہم تیز کر دی ہے۔ اب تک وہ گورنمنٹ ہائی سکول پڑی درویزہ، پھلڑے سیداں، سرگڈھن، جنداعوان، نڑالی اور موہڑہ نوری کے تعلیمی اداروں کا دورہ کر چکے ہیں۔ ہر سکول میں جماعت نہم اور دہم کے طلباء سے اداروں کے سربراہان کی موجودگی میں ملاقات کی جاتی ہے اور انہیں سرکاری کالج کی فراہم کردہ سہولیات اور تعلیمی معیار کے بارے میں آگاہ کیا جاتا ہے۔

طلباء کو بتایا جاتا ہے کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں پورے سال کے دوران محض ایک فیس ادا کی جاتی ہے، جس میں سالانہ امتحان اور داخلہ فیس بھی شامل ہوتی ہے جبکہ پرائیویٹ تعلیمی ادارے ہر ماہ بھاری فیسیں وصول کرتے ہیں اور تعلیم کو کاروبار کی طرح فروخت کیا جاتا ہے۔ اس تناظر میں ہونہار طلباء و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے لیے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج پیر پھلاہی جیسے معیاری اور سستی تعلیم فراہم کرنے والے اداروں کو ترجیح دینی چاہیے۔

پرنسپل ڈاکٹر عزیز الرحمن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ آئندہ سال محنتی اساتذہ کی کاوشوں اور تعاون سے کالج میں مثالی تعداد میں داخلے ہوں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button