بے گھر افراد کیلئے اچھی خبر؛ حکومت کا بڑا اعلان

جہلم: حکومت نے بے گھر افراد کیلئے بڑا اعلان کر دیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں ایک لاکھ گھروں کا اعلان کر دیا ہے، ضلعی حکومتوں اور پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی نے اراضی کی نشاندہی کے لیے کام شروع کر دیا ہے۔
ایک لاکھ گھروں کی تعمیر کے لیے پی ایل ڈی سی کی چھ ہزار کنال سے زائد اراضی پر گھر بنانے کی تجویز سامنے آئی ہے، اس کے علاوہ پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی اور آشیانہ ہاؤسنگ کی اراضی بھی استعمال میں لانے کی تجویز ہے۔
شہباز شریف کے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب اقتدار میں اربوں روپے مالیت کی اراضی پی ایل ڈی سی کو دی گئی تھی۔ پی ایل ڈی سی کو قیمتی اراضی پر سستے گھر بنانے کا ٹاسک سونپا گیا تھا۔
لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی صرف آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کا فیز ون بنا کو خاموش ہوگئی۔ ماضی میں آشیانہ قائد لاہور کی 672 کنال اراضی میں سے 520 کنال اراضی پر تعمیرات کی گئیں۔
آشیانہ قائد لاہور کی باقی ماندہ 152 کنال اراضی پر سستے گھر بنانے کی تجویز ہے۔ آشیانہ اقبال لاہور کے لیے ایکوائر کی گئی 3160 کنال قیمتی اراضی کو بھی اس پراجیکٹ میں شامل کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔
آشیانہ سرگودھا کی ایکوائر شدہ 1055 کنال اراضی کو بھی سستے گھروں کی تعمیر کے لیے استعمال میں لایا جائے گا۔ آشیانہ فیصل آباد کی 741 کنال اور آشیانہ ساہیوال کی 351 کنال اراضی بھی حکومت کے رحم و کرم پر ہیں۔
آشیانہ قصور کی 230 کنال اراضی اور آشیانہ جہلم کی 787 کنال اراضی بھی تجاویز میں شامل ہے۔ آشیانہ چنیوٹ کی 212 کنال اور آشیانہ بہاولپور کی 213 کنال اراضی تاحال لاوارث ہے۔



