جہلم پولیس کے ضلع بھر میں سرچ آپریشنز، اشتہاریوں سمیت 5 ملزمان گرفتار

جہلم: ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایت پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس ٹیموں نے مختلف علاقوں میں 15 مقامات پر سرچ آپریشنز کرتے ہوئے 387 افراد، 174 گھروں اور 27 ہوٹلز و بس اسٹینڈز کو چیک کیا۔

ترجمان پولیس کے مطابق سرچ آپریشنز کے دوران 4 منشیات فروش ملزمان اور ناجائز اسلحہ رکھنے والے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضہ سے 40 لیٹر شراب، 350 گرام چرس اور ایک 30 بور پسٹل معہ ایمونیشن برآمد کیا گیا، جبکہ کارروائی کے دوران 3 اشتہاری مجرمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ برآمد ہونے والی منشیات اور اسلحہ کو قبضہ میں لے لیا گیا ہے۔

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص، غیر قانونی طور پر مقیم فرد یا جرائم پیشہ سرگرمی میں ملوث عناصر کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔

انہوں نے کہا کہ بروقت اطلاع کسی بڑے جرم کی روک تھام میں مددگار ثابت ہونے کے ساتھ ساتھ معاشرے میں امن و امان کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ شہری کسی ایسے شخص کے بارے میں جو بغیر کوائف کے رہائش پذیر ہو، مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث ہو یا قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہو، اپنے قریبی تھانے یا پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں۔

ڈی پی او جہلم نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

Exit mobile version