منگلا/ دینہ: منگلا کے مقام پر کام کے دوران چینی انجینئر اور اس کا ساتھی دریائے جہلم میں پھنس کر رہ گئے، ریسکیو اور منگلا پولیس نے بروقت ریسپانس کر کے دونوں افراد کو پانی سے نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق دریائے جہلم میں منگلا کے مقام پر یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب چینی انجینئر دینہ کے علاقہ شیخوپور کے قریب دریا میں بجلی کے پول کا معائنہ کر رہے تھے کہ اچانک منگلا ڈیم سے دریائے جہلم میں پانی چھوڑ دیا گیا، پانی آجانے سے 40 سالہ چینی انجینئر مسٹر وو اور اس کا ساتھی (مترجم) 30 سالہ زاہد اقبال بلٹ پرروف گاڑی سمیت دریا میں پھنس کر رہ گئے۔
ریسکیو 1122اور منگلا پولیس نے بروقت ریسپانس کرتے ہوئے آپریشن کیا اور دونوں افراد کو پانی سے نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔
منگلا پولیس کا کہنا ہے کہ منگلا ڈیم میں چینی کمپنی کام کر رہی ہے، دریا میں بجلی کے پول کی مرمت کی جارہی تھی کہ دریا میں اچانک پانی آجانے کے باعث دونوں افراد پانی میں پھنس گئے تھے۔
ریسکیو آپریشن میں ریسکیو 1122کے غوطہ خوروں نے بھی حصہ لیا۔ ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد چینی انجینئر نے ریسکیو ٹیم اور منگلا پولیس کے بروقت ریسپانس دینے پر شکریہ بھی ادا کیا۔
