پنڈ دادنخان میں کتے کے حملے میں زخمی ہونے والے دو سالہ بچے کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ڈپٹی کمشنر جہلم نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ محکموں سے رپورٹ طلب کر لی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے علاقہ سوڈی گجر میں 2 سالہ معصوم بچے کو آوارہ کتے نے بری طرح نوچ لیاجس کے باعث بچے کا چہرہ بری طرح متاثر ہوا ہے۔
2 سالہ بچے کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈدادنخان میں بچے کو ابتدائی طبی امداد دی گئی، تاہم اسپتال میں اینستھیزیا اسپیشلسٹ کی عدم موجودگی کے باعث بچے کو فوری طور پر پمز ہسپتال میں ٹریٹمنٹ کے لیے سکن سپیشلسٹ اور گرافک سپیشلسٹ کو ریفر کر دیا گیا۔ پمز ہسپتال میں بچے کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور اس کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے واقعہ کا فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ محکموں سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بچے کے اہل خانہ سے مسلسل رابطے میں ہیں اور انہیں ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کی گئی ہے۔ شہر میں آوارہ کتوں کے خاتمے کی مہم پہلے سے جاری ہے، جسے مزید تیز اور مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ تمام متعلقہ حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ شہر سے آوارہ اور باؤلے کتوں کے فوری خاتمے کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔
