دینہ میں یومِ تشکر جوش و خروش اور جذبہ حب الوطنی کے ساتھ منایا گیا

دینہ میں یومِ تشکر جوش و خروش اور جذبہ حب الوطنی کے ساتھ منایا گیا۔

اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر آفس میں ایک پُروقار پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں قومی ترانہ بجایا گیا اور ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے پاک فوج کو سلامی پیش کی۔ تقریب میں شریک افراد وطن سے وفا کے جذبے سے سرشار نظر آئے۔

اس پُرجوش تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد، مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم پی اے مہر محمد فیاض، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی، مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنما راجہ لیاقت علی، راجہ ساجد نواز، میاں عتیق، میاں سجاد، راجہ نوید، ایڈووکیٹ سید شیر شاہ بخاری، تحصیل آفس کے افسران و ملازمین سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پرچم کشائی کے بعد ایک پُرجوش ریلی اسسٹنٹ کمشنر صفاء عابد کی قیادت میں اے سی آفس سے مین چوک جی ٹی روڈ دینہ تک نکالی گئی۔ ریلی میں ضلعی افسران، اساتذہ، طلبہ و طالبات اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ فضا "پاکستان زندہ باد” اور "پاک فوج پائندہ باد” کے نعروں سے گونجتی رہی۔

دینہ ٹریفک پولیس کے انچارج مرزا نعمان اور ان کی ٹیم، جن میں لیڈی ٹریفک وارڈنز بھی شامل تھیں، قومی پرچم تھامے نہ صرف یومِ تشکر میں شریک ہوئیں بلکہ ریلی کے دوران ٹریفک کی روانی کو بھی بخوبی برقرار رکھا۔ انہوں نے افواجِ پاکستان سے اپنی والہانہ محبت اور یکجہتی کا عملی مظاہرہ کیا۔

تقریب کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر صفاء عابد اور سابق ایم پی اے مہر محمد فیاض نے کہا کہ "پاکستان کے ازلی دشمن ہمیشہ بزدلانہ ہتھکنڈوں سے وطن عزیز کو کمزور کرنے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن ہماری بہادر افواج نے ہمیشہ ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ آج کا دن اس عزم کی تجدید ہے کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر قربانی کے لیے تیار ہے۔”

ریلی کے اختتام پر شہدائے وطن کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور پاکستان کی سلامتی، ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ یومِ تشکر کی یہ تقریب دینہ کے شہریوں میں حب الوطنی، اتحاد و یکجہتی اور نئی توانائی کا پیغام بن کر ابھری۔

Exit mobile version