جہلم: اینٹی کرپشن تھانہ جہلم کی شاندار اور مؤثر کارروائی میں موضع جگتہ کا پٹواری عمیق خالد رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا، جو ایک شہری سے 40 ہزار روپے رشوت وصول کر رہا تھا۔
شہری خرم شہزاد نے محکمہ اینٹی کرپشن کو تحریری درخواست دی تھی کہ پٹواری نے اس کے ایک جائز کام کے بدلے رشوت طلب کی ہے۔ شکایت موصول ہوتے ہی سرکل آفیسر عمران اسلم اور محرر ظفر اقبال نے مجسٹریٹ فسٹ کلاس کی موجودگی میں منصوبہ بندی کے تحت کارروائی کی۔
پٹواری کو نشان زدہ نوٹ دیے گئے اور جیسے ہی اُس نے رقم وصول کی، اینٹی کرپشن ٹیم نے موقع پر چھاپہ مار کر اُسے گرفتار کر لیا۔ رشوت کی رقم برآمد کر لی گئی جبکہ ملزم کو حراست میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی گئی۔
ذرائع کے مطابق کارروائی مکمل طور پر قانونی تقاضوں کے مطابق انجام دی گئی۔ مجسٹریٹ کی موجودگی اور نشان زدہ نوٹوں کے استعمال سے یہ ثابت ہوا کہ محکمہ اینٹی کرپشن اپنی کارروائیوں کو شفاف اور غیرجانبدار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
عوامی حلقوں نے اس بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے کرپشن کے خلاف عوام کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ اگر تمام ادارے اینٹی کرپشن کی طرح فعال ہو جائیں تو رشوت اور بدعنوانی کے ناسور کا خاتمہ ممکن ہے۔
