جہلم میں مہنگائی کا طوفان، سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں

جہلم شہر اور گردونواح میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا ہے۔ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافے کے باعث دیہاڑی دار، غریب اور سفید پوش طبقہ مہنگائی کی چکی میں پس کر رہ گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پرائس کنٹرول مجسٹریٹس گراں فروشوں پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔ آٹا، گھی، دالیں، مصالحہ جات، پھل اور سبزی سب کچھ دکاندار اپنی مرضی کے نرخوں پر فروخت کر رہے ہیں۔ تاہم پرائس کنٹرول مجسٹریٹس گراں فروشوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرنے کی بجائے صرف ڈنگ ٹپاؤ پالیسی اپنائے ہوئے ہیں۔ گراں فروش سرکاری نرخنامے پر ایک فیصد بھی عمل درآمد کرنے کو تیار نہیں ہیں۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری بلدیات، کمشنر راولپنڈی اور ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس صورت حال کا نوٹس لیں اور سرکاری نرخنامے پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔



