جہلم: پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی نے عوام اور دکانداروں کے لیے ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں۔
سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر کے مطابق حکومت پنجاب کی ہدایات کے تحت دکانوں کے باہر سامان کا ڈسپلے مکمل طور پر ممنوع قرار دے دیا گیا ہے، جبکہ گھروں اور گلی محلوں میں غیر ضروری سپیڈ بریکر، تھڑے اور دیگر رکاوٹیں رضاکارانہ طور پر ختم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دکانداروں کو سختی سے تنبیہ کی گئی ہے کہ کسی قسم کا سامان دکان کے شٹر سے باہر نہ رکھا جائے۔ پیرا فورس کی جانب سے تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں اور خلاف ورزی یا ہدایات پر عمل نہ کرنے کی صورت میں دکان سیل کر دی جائے گی، بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا اور گرفتاری بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی سفارش یا سیاسی مداخلت کے باوجود قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دکاندار ہدایات پر مکمل عمل درآمد کریں تاکہ کسی قسم کی قانونی یا مالی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
