لاہور: پروفیسر ساجد مقبول آڈیٹوریم، یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز لاہور میں الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے زیرِ اہتمام یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز (UCHS) اور مائنڈ آرگنائزیشن کے تعاون سے سینئر اور جونیئر ڈاکٹرز کے مابین ہم آہنگی کے فقدان کے موضوع پر پری کانفرنس ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔
گزشتہ روز صبح 9 بجے سے 11 بجے تک منعقد ہونے والی ورکشاپ میں ماہرِ نفسیات پروفیسر سعد بشیر ملک، وائس چانسلر یو سی ایچ ایس پروفیسر مسعود صادق سمیت 100 سے زائد سینئر اور جونیئر ڈاکٹرز نے شرکت کی۔
ورکشاپ کے دوران سینئر اور جونیئر ڈاکٹرز کے درمیان بہتر ہم آہنگی، سرپرستی، باہمی احترام اور شعبۂ صحت سے وابستہ افراد کی فلاح و بہبود کے حوالے سے تفصیلی گفتگو اور تبادلۂ خیال کیا گیا۔ الفلاح فاؤنڈیشن کے ذمہ داران نے ورکشاپ کے انعقاد میں تعاون پر وائس چانسلر یو سی ایچ ایس پروفیسر مسعود صادق اور رجسٹرار یو سی ایچ ایس پروفیسر ناصر رانا کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے مطابق 19 ستمبر 2026 کو مووِن پک ہوٹل، سینٹورس اسلام آباد میں دوسری ملک گیر نیشنل کانفرنس "Healing the Healers” منعقد کی جائے گی، جس میں پاکستان بھر سے معروف ڈاکٹرز، پروفیسرز اور شعبۂ صحت سے وابستہ ماہرین شرکت کریں گے۔
کانفرنس میں شیخِ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ اور پیٹرن اِن چیف الفلاح فاؤنڈیشن امیر عبدالقدیر اعوان خصوصی خطاب کریں گے۔ کانفرنس کا بنیادی مقصد شعبۂ صحت میں خدمات انجام دینے والے افراد کی فلاح و بہبود، ذہنی و عملی دباؤ میں کمی اور معاشرے کی بہتری کے لیے مشترکہ لائحۂ عمل تشکیل دینا ہے۔
کانفرنس میں ملک کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے معروف پروفیسرز اور ڈاکٹرز بھی خطاب کریں گے، جبکہ پی ایم اے پنجاب، پی پی اے پنجاب، پی اے ایف پی پنجاب، وائی ڈی اے پاکستان اور مائنڈ آرگنائزیشن سمیت مختلف ڈاکٹرز تنظیموں کی شرکت بھی متوقع ہے۔
واضح رہے کہ الفلاح فاؤنڈیشن حضرت امیر عبدالقدیر اعوان کی سرپرستی میں فلاحی سرگرمیوں میں مصروفِ عمل ہے۔ فاؤنڈیشن کے مطابق اس کا مقصد سیاسی یا فرقہ وارانہ وابستگی سے بالاتر ہوکر مستحق افراد کو ان کی عزتِ نفس کا خیال رکھتے ہوئے فلاحی، طبی، آفات اور ہنگامی خدمات فراہم کرنا ہے۔
فاؤنڈیشن کی جانب سے مفت میڈیکل کیمپس، مستحق افراد کے لیے ادویات اور راشن کی فراہمی، قدرتی آفات کے دوران امدادی سرگرمیوں، گھروں کی بنیادی تعمیر، تعلیم و تربیت اور عدالتی امور میں مفت رہنمائی سمیت مختلف شعبوں میں خدمات انجام دی جا رہی ہیں۔
