جہلم کے سیلاب متاثرین کی زندگی معمول پر لانے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر

جہلم: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ضلع جہلم کے سیلاب سے شدید متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس اور ڈی پی او طارق عزیز سندھو بھی موجود تھے جنہوں نے سیلاب سے پیدا شدہ صورتحال، نقصانات اور جاری امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی۔

گورنر پنجاب نے سیلاب کے دوران فرض کی ادائیگی میں جام شہادت نوش کرنے والے پولیس کانسٹیبل شہید حیدر علی حسین کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی، فاتحہ خوانی کی اور اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے اپنی طرف سے 10 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا۔ انہوں نے ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کے خدمات کو سراہتے ہوئے 2 لاکھ روپے انعام کا بھی اعلان کیا۔

اس موقع پر گورنر سردار سلیم حیدر کا کہنا تھا کہ "میں اپنی تمام سرکاری و نجی مصروفیات ترک کر کے عوام کے ساتھ ہوں۔ ہر غریب، کسان، کاشتکار اور پسے ہوئے طبقے کو تحفظ دینا پیپلز پارٹی کے منشور کا حصہ ہے۔”

انہوں نے کہا کہ چکوال، جہلم اور دیگر بارش سے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دینے کی سفارش کر دی گئی ہے اور حکومت پنجاب ان علاقوں میں نقصانات کا تخمینہ لگا کر متاثرین کو ریلیف فراہم کرے گی۔ متاثرہ علاقوں کے لیے خصوصی ریلیف پیکج تیار کیا جا رہا ہے جس سے متاثرہ خاندانوں کی بحالی کو یقینی بنایا جائے گا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ "سیلاب سے متاثرہ آخری فرد کی زندگی معمول پر آنے تک سکون سے نہیں بیٹھوں گا۔ ہم صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں متاثرہ خاندانوں کی بحالی کے لیے سرگرم ہیں۔”

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنوں کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ وہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں، جبکہ میڈیا اور حکومت کو "ایک گاڑی کے دو پہیے” قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

گورنر پنجاب نے جہلم انتظامیہ کی بروقت کارروائیوں اور متاثرہ افراد کی مدد کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب متاثرین کی ہر ممکن امداد کو یقینی بنائے گی۔

Exit mobile version