جہلم میں غیر قانونی نجی ہسپتالوں کی بھرمار، شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ، محکمہ صحت خاموش

جہلم: ضلع جہلم میں جگہ جگہ غیر قانونی طور پر قائم پرائیویٹ ہسپتالوں کی بھرمار نے شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے، جبکہ محکمہ صحت کے متعلقہ ذمہ داران کی مسلسل خاموشی نے کئی سوالات کو جنم دے دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق شہر سمیت ضلع بھر میں متعدد ایسے نجی ہسپتال فعال ہیں جہاں ایم بی بی ایس ڈاکٹروں کا نام و نشان تک نہیں۔ ان ہسپتالوں کو مڈوائفز اور ڈسپنسرز چلا رہے ہیں، جو کہ انسانی جانوں کے ساتھ کھیلنے کے مترادف ہے۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کچھ ہسپتالوں نے صرف دکھاوے کے لیے ایم بی بی ایس ڈاکٹروں کے نام کی تختیاں آویزاں کر رکھی ہیں، لیکن حقیقت میں وہاں کبھی کسی مستند ڈاکٹر نے وزٹ تک نہیں کیا۔ یہ صورتِ حال نہ صرف عوام کی صحت کے لیے خطرناک ہے بلکہ محکمہ صحت کی کارکردگی پر بھی ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔

شہریوں نے پنجاب ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اتائی ڈاکٹروں اور غیر رجسٹرڈ ہسپتالوں کے خلاف بلاتفریق اور فوری کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کو ناقص علاج اور ممکنہ خطرناک پیچیدگیوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔

Exit mobile version