سوہاوہ اور گردونواح میں ٹیلی نار نیٹ ورک معطل، صارفین کو شدید مشکلات

سوہاوہ شہر اور ملحقہ علاقوں میں ٹیلی نار نیٹ ورک کی سروس گزشتہ کئی دنوں سے بری طرح متاثر ہے، جس سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

مقامی شہریوں کے مطابق نیٹ ورک کی بندش کی سب سے بڑی وجہ بجلی کی بندش کے دوران بیس اسٹیشنز پر بیٹری بیک اپ یا متبادل توانائی کا نظام نہ ہونا ہے۔ جیسے ہی بجلی بند ہوتی ہے، نیٹ ورک مکمل طور پر معطل ہو جاتا ہے، جس سے نہ صرف انٹرنیٹ پیکجز ضائع ہو رہے ہیں بلکہ کالز بھی ممکن نہیں رہتیں۔

اس صورتحال سے تعلیمی، کاروباری اور گھریلو معمولات بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ بالخصوص وہ طلباء جو آن لائن کلاسز یا امتحانات کی تیاری میں مصروف ہیں، شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جدید دور میں موبائل نیٹ ورک ایک بنیادی سہولت بن چکی ہے اور اس کی مسلسل معطلی ناقابل قبول ہے۔

صارفین نے ٹیلی نار انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس تکنیکی مسئلے کا مستقل حل نکالیں اور نیٹ ورک سروس کو بحال کریں۔ ساتھ ہی وزیراعظم پاکستان، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) اور دیگر متعلقہ حکام سے بھی پرزور اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس سنگین مسئلے کا فوری نوٹس لیں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا جلد از جلد ازالہ کیا جا سکے۔

Exit mobile version