سوہاوہ: پٹرولنگ پولیس راولپنڈی ریجن کی بڑی کارروائیاں، اشتہاری قاتل سمیت متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ اسلحہ، منشیات اور چوری شدہ موٹرسائیکل برآمد کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پٹرولنگ پولیس راولپنڈی ریجن نے ایس ایس پی محمد بن اشرف کی زیر ہدایات جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ جرائم کی بیخ کنی اور امن و امان کی بحالی کے سلسلے میں کی گئی ان کارروائیوں کے دوران متعدد خطرناک مجرمان کو گرفتار کیا گیا اور بھاری مقدار میں غیر قانونی اشیاء بھی برآمد کی گئیں۔
پٹرولنگ پوسٹ چک مہیوں سے اسسٹنٹ سب انسپکٹر شیراز ارشد اور پٹرولنگ پوسٹ مسہ کسوال سے اسسٹنٹ سب انسپکٹر عبدالرؤف نے اپنی ٹیموں کے ہمراہ کارروائیاں کرتے ہوئے قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری مجرمان کو گرفتار کر کے انہیں پابند سلاسل کر دیا۔
اسی طرح پٹرولنگ پوسٹ بھلوٹ موڑ سے اسسٹنٹ سب انسپکٹر خورشید عالم نے کارروائی کرتے ہوئے ایک چوری شدہ ہنڈا 125 موٹرسائیکل برآمد کر لی جبکہ پٹرولنگ پوسٹ 22 میل سے اسسٹنٹ سب انسپکٹر شکیب ایاز نے ایک بوتل شراب برآمد کی۔
اس کے علاوہ پٹرولنگ پوسٹ قائداعظم کالونی کے سب انسپکٹر طاہر رحمن نے کارروائی کرتے ہوئے بارہ بور رائفل بمعہ انیس روند برآمد کر کے متعلقہ ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ان تمام ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور قانونی کارروائی جاری ہے۔ مزید یہ کہ ریجن بھر سے دو اشتہاری مجرمان اور چار عدالتی مفروران کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
دوسری جانب اوور لوڈنگ جیسے خطرناک عمل کے خلاف بھی قانونی کارروائیاں کی جا رہی ہیں تاکہ سڑکوں پر حادثات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔
ایس ایس پی محمد بن اشرف نے ان کامیاب کارروائیوں پر پٹرولنگ پولیس کی ٹیموں کو سراہا اور کہا کہ جرائم کی سرکوبی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے پولیس ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
