مون سون بارشوں سے الرجی اور موسمی امراض میں اضافہ، اسپتالوں میں مریضوں کا رش

جہلم: مون سون اور برسات کے موسم کے باعث جہلم کے مضافاتی علاقوں میں الرجی، ناک، کان اور گلے کی تکالیف، بخار اور پیٹ کے امراض میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مضافاتی علاقوں کے سرکاری ہسپتالوں میں درجنوں مریضوں نے طبی امداد کے لیے رجوع کیا، جبکہ نجی ہسپتالوں اور کلینکس میں بھی مریضوں کا رش برقرار ہے۔ خصوصی طور پر کمسن بچے ناک، کان، نزلہ اور بخار میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ سول ہسپتال کے ای این ٹی شعبہ میں مریضوں کی آمد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق برسات کے موسم میں کان کی خارش اور الرجی عام ہو جاتی ہے جبکہ ٹھنڈے مشروبات اور بازار کی کھانے پینے کی اشیاء صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو رہی ہیں۔

ڈاکٹروں نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ برسات میں نیم گرم پانی کا استعمال کریں اور نزلہ زکام سے بچاؤ کے لیے دورانِ سفر ماسک ضرور پہنیں۔

Exit mobile version