رورل ہیلتھ سنٹر جلالپورشریف میں انسولین کی عدم دستیابی، شوگر کے مریض شدید پریشانی میں مبتلا

پنڈدادنخان: رورل ہیلتھ سنٹر (RHC) جلالپورشریف میں انسولین کی عدم دستیابی کے باعث شوگر کے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

یونین کونسل جلالپورشریف کے دور دراز علاقوں سے آنے والے مریض خصوصاً خواتین علاج کے لیے جب آر ایچ سی کا رُخ کرتی ہیں تو مایوسی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

مریضوں نے شکایت کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں طویل انتظار کے بعد ٹوکن تو جاری کیا جاتا ہے، لیکن جب متعلقہ کاؤنٹر پر پہنچتے ہیں تو بتایا جاتا ہے کہ انسولین ختم ہو چکی ہے۔ اس صورتحال میں انہیں خالی ہاتھ واپس جانا پڑتا ہے، جس سے ان کی صحت مزید متاثر ہونے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

مریضوں کا کہنا ہے کہ صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے، لیکن موجودہ حالات میں شوگر کے مریض مسلسل نظرانداز کیے جا رہے ہیں۔ اس سے نہ صرف ان کی بیماری بڑھ رہی ہے بلکہ ذہنی دباؤ بھی بڑھ رہا ہے۔

عوامی شکایات کے پیش نظر مریضوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر صحت میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر جلالپورشریف کے آر ایچ سی میں کھلی کچہری کا انعقاد کریں اور انسولین کی دستیابی کو یقینی بنائیں تاکہ شوگر کے مریضوں کا علاج بلا تعطل جاری رکھا جا سکے۔

Exit mobile version