پنڈدادنخان میں شہید اے ایس آئی غلام رسول کی انتالیسویں برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔
اس موقع پر تھانہ جلالپور شریف کے علاقے میں واقع شہید کی لحد پر جہلم پولیس کے افسران نے حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہید کی بلندی درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر ڈی ایس پی پنڈدادنخان چوہدری محمد اکرم، ایس ایچ او جلالپور شریف اور دیگر پولیس افسران نے شہید کی قبر پر حاضری دی۔ جہلم پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی اور ان کی عظیم قربانی کو خراج تحسین پیش کیا۔
واضح رہے کہ اے ایس آئی غلام رسول 23 مئی 1986 کو تھانہ جاتلی ضلع راولپنڈی کے علاقے جھونگل میں منشیات فروشوں کے خلاف ریڈ کے دوران ملزمان کی فائرنگ کا نشانہ بنے اور جامِ شہادت نوش کیا۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اپنے پیغام میں کہا کہ "شہداء پولیس ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، جن کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ملک و ملت کے تحفظ کا حق ادا کیا۔ یہ وہ بہادر سپاہی ہیں جنہوں نے اپنی آج کی قربانی دے کر ہمارے کل کو محفوظ بنایا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ شہداء پولیس کی فیملیز ہماری ذمہ داری ہیں، جنہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ شہداء محکمہ پولیس کا افتخار ہیں اور رہتی دنیا تک ان کا نام زندہ رہے گا۔
