ضلع جہلم میں خودساختہ مہنگائی عروج پر، غریب فاقوں پر مجبور، عوام سراپا احتجاج

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں خود ساختہ مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ کھانے پینے سمیت روزمرہ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں، جبکہ غریب عوام فاقہ کشی پر مجبور ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ضلع بھر میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ ناجائز منافع خوروں نے حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نرخنامے کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیا ہے اور من مانے نرخ وصول کرنا معمول بن چکا ہے۔

آٹا، گھی، دالیں، سبزیاں، گوشت اور دودھ سمیت دیگر اشیاء عام صارف کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں، جس سے غریب طبقے کے ساتھ ساتھ سفید پوش لوگ بھی شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارروائیاں نہ ہونے کے برابر ہیں اور وہ گران فروشوں کے سامنے بے بس نظر آتے ہیں۔

شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور چیف سیکرٹری پنجاب سے اپیل کی ہے کہ ضلع جہلم میں بڑھتی ہوئی خود ساختہ مہنگائی کا فوری نوٹس لیا جائے اور گران فروشی میں ملوث دوکانداروں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کر کے سخت کارروائی کی جائے تاکہ مصنوعی مہنگائی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

Exit mobile version