بے گناہ خاتون کو سر عام گولیاں مار کر غیرت کے نام پر قتل کرنا بدترین بربریت اور سفاکیت کی مثال ہے، مہر افضل

جہلم شہر کی معروف کاروباری شخصیت اور صدر مرغی بازار مہر محمد افضل نے بلوچستان میں خاتون کو غیرت کے نام پر قتل کیے جانے کے افسوسناک واقعے پر شدید رنج و غم اور غصے کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک بے گناہ خاتون کو سرِعام گولیاں مار کر قتل کرنا بدترین بربریت اور سفاکیت کی انتہا ہے، جس کا نہ کوئی اخلاقی، نہ قانونی اور نہ ہی مذہبی جواز موجود ہے۔

مہر محمد افضل نے کہا کہ اسلام ایک پرامن دین ہے جو عورتوں کو عزت، تحفظ اور باعزت مقام دیتا ہے۔ ملکی آئین ہر شہری کو جان و مال کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، اس کے باوجود ایسے دل دہلا دینے والے واقعات کا پیش آنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ریاستی مشینری کو مزید فعال، منصفانہ اور شفاف بنانے کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ غیرت کے نام پر قتل جیسے واقعات انسانیت کے چہرے پر بدنما داغ ہیں، جن کا فوری سدباب نہایت ضروری ہے۔ ریاست کو چاہیے کہ ان واقعات میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر سخت ترین سزائیں دی جائیں تاکہ آئندہ کسی بے گناہ کی جان اس ظلم کی بھینٹ نہ چڑھے۔

Exit mobile version