پنڈ دادنخان: آر پی او راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کے ہمراہ تھانہ پنڈ دادنخان میں ضلعی امن کمیٹی کے ممبران اور انجمن تاجران کے عہدیداران سے اہم میٹنگ کی، جس کا مقصد شہر میں امن و امان کی فضا، مذہبی ہم آہنگی اور باہمی بھائی چارے کو مزید مضبوط بنانا تھا۔
میٹنگ میں شرکاء نے شہر میں امن کے قیام اور ترقیاتی پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔ علماء کرام اور تاجر برادری نے انتظامیہ سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ وہ معاشرتی ہم آہنگی اور امن و امان کے قیام کے لیے انتظامیہ کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں۔
آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا نے اس موقع پر کہا کہ "شہر میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ معاشرے میں مذہبی ہم آہنگی پیدا کرنے میں علماء کرام کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔”
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پولیس فورس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے دن رات کوشاں ہے، اور شہریوں کے تعاون کے بغیر پائیدار امن ممکن نہیں۔
شہداء کی فیملیز سے ملاقات
بعد ازاں آر پی او راولپنڈی نے ڈی پی او جہلم کے ہمراہ پولیس شہداء کی فیملیز سے ملاقات بھی کی۔
انہوں نے شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ "شہداء ہمارے محسن ہیں، ان کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ میں اپنی فورس اور خصوصاً شہداء کی فیملیز کے ساتھ کھڑا ہوں۔ ہم سب ایک فیملی کا حصہ ہیں۔”
انہوں نے یقین دلایا کہ شہداء کے بچوں کی تعلیم اور بہتر مستقبل کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ بابر سرفراز الپا نے کہا کہ ان کے دفتر کے دروازے شہداء کی فیملیز کے لیے ہر وقت کھلے ہیں اور ان کی ویلفیئر کے لیے کسی قسم کی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔
آخر میں انہوں نے شہداء کی فیملیز کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ان کے حوصلے، صبر و استقامت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
