
دینہ: بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت عوام کی بہتری کے لیے دن رات کوشاں ہے اور عوام سے کیے گئے وعدوں پر عمل تیزی سے جاری ہے۔ ملک میں انتشار اور تباہی کی باتیں کرنے والے اب کہاں ہیں؟ ، ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
چیئرمین قومی و پارلیمانی ٹاسک فورس اور رکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی نے دینہ کے نواحی علاقے گڈاری اور رواتڑہ منگلا روڈ پر 25 کروڑ 58 لاکھ روپے کے روڈ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوام کی خدمت کے لیے انتھک محنت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام سے جو وعدے کیے تھے، ان پر عمل درآمد جاری ہے۔ یہ روڈ منصوبہ ایک اہم شاہراہ ثابت ہوگا جو منگلا اور میرپور کو جوڑے گا، اس سے بہتری کی امید پیدا ہوگی اور مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ بکڑالہ اور لہڑی میں واٹر سپلائی اسکیمیں منظور کروا دی گئی ہیں جبکہ پی ایچ کیو بانٹھ میں بھی ترقیاتی کام جاری ہے۔ ہمارا مقصد عوامی خدمت ہے اور دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اس خدمت میں آسانیاں عطاء فرمائے۔
تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت عوام کی بہتری کے لیے بڑے منصوبے لے کر آ رہی ہے۔ ملک کی تباہی کی پیش گوئی کرنے والے خود ہی ختم ہو گئے ہیں جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ مریم نواز کی محنت سے ملک ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے۔ آج مخالفین بھی ان کی کارکردگی کے معترف ہیں۔ ہمارا ملک اب حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔
تقریب سے راجہ احمد حسین شوکت اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ بلال اظہر کیانی کے گڈاری پہنچنے پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا، کارکنان نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور "شیر آیا، شیر آیا” کے نعرے لگائے۔