ماہِ ربیع الاول تجدیدِ عہد کا مہینہ ہے، زندگی اسوہ رسول ﷺ کے مطابق گزارنے کا عزم کیا جائے۔ امیر عبدالقدیر اعوان

بہاولپور : شیخ سلسلہ عالیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا ہے کہ ماہِ ربیع الاول تجدیدِ عہد کا مہینہ ہے، ہمیں اس موقع پر یہ عہد کرنا چاہیے کہ اپنی زندگی اسوۂ رسول ﷺ کے مطابق گزاریں گے۔ حضور اکرم ﷺ سے محبت ہماری زندگی کا اثاثہ ہے اور یہی محبت انسان کو مقصدِ حیات اور حقیقی کامیابی کی راہ دکھاتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بہاولپور میں بعثتِ رحمتِ عالم ﷺ کانفرنس سے خواتین و حضرات کی بڑی تعداد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صحابہ کرامؓ کا مقام انتہائی بلند ہے اور ان کی قربتِ رسول ﷺ انہیں ایسی کیفیات عطا کرتی تھی جو امت کے لیے عظیم مثال ہیں۔

امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا کہ قرآن کریم حکمتوں سے بھرا ہوا ہے۔ قرآن کو دیکھنا، چھونا اور پڑھنا باعثِ برکت ہے، جبکہ اس پر عمل کرنا مقصدِ حیات ہے، کیونکہ یہ اللہ تعالیٰ کا کلام ہے۔ قرآن کریم کی حکمتوں کو سمجھنے کے لیے ضروریاتِ دین کا علم حاصل کرنا بھی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ صرف ماہِ ربیع الاول کی ساعتیں ہی مبارک نہیں بلکہ اگر انسان اپنی زندگی کو اتباعِ محمد الرسول اللہ ﷺ کے مطابق ڈھال لے تو اس کے دن، رات، ہفتے، مہینے اور پورا سال بابرکت ہو جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج مسلم معاشرہ انتشار، ضد اور انا کا شکار ہے۔ حقوق و فرائض کی تمیز کم ہوتی جا رہی ہے اور انصاف و یقین کی کمی محسوس ہوتی ہے۔ ان حالات کی ذمہ داری ہم سب پر عائد ہوتی ہے، اس لیے ماہِ ربیع الاول میں ہر شخص کو اپنا جائزہ لینا چاہیے اور اپنے کردار کو اسوۂ رسول ﷺ کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

امیر عبدالقدیر اعوان نے زور دیتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم ﷺ سے محبت کا حقیقی تقاضا آپ ﷺ کی تعلیمات اور اسوۂ حسنہ کی پیروی ہے۔ ہمیں اپنی ذات اور کردار سے اس محبت کا عملی اظہار کرنا چاہیے۔

انہوں نے بتایا کہ بعثتِ رحمتِ عالم ﷺ کانفرنسز کا اگلا پروگرام 24 اگست بروز سوموار وہاڑی بار کونسل میں منعقد ہوگا۔

کانفرنس کے اختتام پر امیر عبدالقدیر اعوان نے ملکی سلامتی، استحکام اور بقا کے لیے اجتماعی دعا بھی کروائی۔

Exit mobile version