جہلم: ماہ ربیع الاول اور 12 ربیع الاول کے حوالے سے عید میلاد النبی ﷺ کی تقریبات کو شایانِ شان، پُرامن اور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی زیرِ صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں علماء کرام، مذہبی رہنماؤں، امن کمیٹی کے اراکین اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران محافلِ میلاد، نعتیہ محافل، میلاد جلوسوں اور دیگر مذہبی اجتماعات کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
شرکاء نے جلوسوں کے روٹس، سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی ستھرائی، لائٹنگ اور دیگر ضروری انتظامات پر بھی تفصیلی غور کیا۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے کہا کہ ماہِ ربیع الاول محبتِ رسول ﷺ اور عقیدت و احترام سے معمور بابرکت مہینہ ہے، اس لیے 12 ربیع الاول کے موقع پر منعقد ہونے والی تمام تقریبات کے لیے جامع اور مربوط انتظامات یقینی بنائے جائیں۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے اجلاس کو سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ میلاد جلوسوں اور مذہبی اجتماعات کے لیے مؤثر سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات یقینی بنائے جائیں۔
اجلاس میں علماء کرام اور مذہبی رہنماؤں کے تعاون کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ عید میلاد النبی ﷺ کی تمام تقریبات کو مذہبی عقیدت، اخوت، رواداری اور امن کے جذبے کے ساتھ شایانِ شان انداز میں منعقد کیا جائے گا۔
