جہلم میں تین روزہ پولیو مہم کا آغاز، 2 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے

جہلم میں تین روزہ پولیو مہم کا آغاز، دو لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے، ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق اور ممتاز روحانی شخصیت بابا عرفان الحق نے خانہ بدوشوں کی بستی اور ڈسٹرکٹ پبلک سکول سے مہم کا افتتاح کیا۔
تفصیلات کے مطابق ضلع جہلم میں دو لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لیے تین روزہ مہم کا آغاز دریائے جہلم کنارے خانہ بدوشوں کی بستی سے کیا گیا جہاں محکمہ صحت کے زیر اہتمام خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔
تقریب میں ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے بچوں کو اپنے ہاتھ سے قطرے پلا کر افتتاح کیا۔ محکمہ صحت نے ڈی سی جہلم اور معززین شہر کو بریفنگ میں حالیہ تین روزہ مہم بارے آگاہی دی۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ضلع جہلم کی حدود میں ہر پانچ سال سے کم عمر بچے کو قطرے پلانا قومی فریضہ ہے ہماری یہ کوشش ہونی چاہیے کہ کوئی ایک بچہ بھی اس ویکسین سے محروم نہ رہے۔
بعد ازاں ڈی سی جہلم کیپٹن ر سمیع اللہ فاروق اور بابا عرفان الحق نے ڈسٹرکٹ پبلک سکول کے بچوں کو قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا۔
اس موقع پر روحانی شخصیت پیر عرفان الحق نے کہا کہ بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کا کام نہ صرف قومی فریضہ ہے بلکہ یہ ایک پوری نسل کو عمر بھر کی محتاجی سے بچانے کا بھی ذریعہ ہے۔ محکمہ صحت کے جو اہلکار اس مہم میں شریک ہیں وہ اپنی نوکری کے ساتھ انسانی بھلائی کے کام پر اجر کے مستحق ہیں۔



