جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے شاندار چوک میں قائم ایک نجی سماجی تنظیم کے زیر انتظام میڈیکل سینٹر پر اچانک چھاپہ مارا، جہاں غیر مستند عملہ شہریوں کا علاج اور میڈیکل ٹیسٹ کرنے میں مصروف پایا گیا۔ بلا اجازت خون کی منتقلی اور رجسٹریشن دستاویزات کی عدم فراہمی پر ڈی سی جہلم نے سینٹر کو فوری طور پر سیل کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
ڈی سی میثم عباس نے چھاپے کے دوران سینٹر میں موجود شہریوں سے بات چیت کی اور ان سے فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ موقع پر موجود عملے سے قانونی اجازت نامہ، رجسٹریشن اور سرٹیفیکیشن طلب کی گئی، جو فراہم نہ کی جا سکی۔
ڈپٹی کمشنر نے موقع پر موجود چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ کو سینٹر سیل کرنے اور غیر مستند افراد کو حراست میں لینے کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے کسی بھی شخص یا ادارے کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے سرکاری بلڈنگ میں بلا اجازت سینٹر قائم کرنے پر بھی سخت نوٹس لیا اور متعلقہ تنظیم سے اس کا جواب طلب کر لیا۔
ڈی سی جہلم کا کہنا تھا کہ سماجی خدمت کی آڑ میں دھوکہ دہی اور انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ انہوں نے محکمہ صحت اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ضلع بھر میں اس نوعیت کے تمام مراکز کی سختی سے نگرانی کی جائے اور بغیر لائسنس یا غیر معیاری سہولیات فراہم کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔
