جہلم: محکمہ سول ڈیفنس کی مبینہ غفلت کے باعث ضلع بھر میں ایل پی جی گیس فروخت کرنے والے دکانداروں اور ایجنسی مالکان نے من مانے نرخ نافذ کر دیے ہیں، جس سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔
سرکاری نرخ 304 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود مختلف علاقوں میں ایل پی جی 430 سے 450 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔ بااثر ایجنسی مالکان اور دکانداروں کی جانب سے اس من مانی نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔
دکانداروں کا مؤقف ہے کہ انہیں بھی گیس مہنگے داموں فراہم کی جا رہی ہے، جس کے باعث وہ زیادہ قیمت پر فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔ ان کے مطابق کمپنیوں کی جانب سے گیس 385 سے 390 روپے فی کلو کے حساب سے سپلائی کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث روزمرہ استعمال کی یہ بنیادی ضرورت عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہے، جبکہ محکمہ سول ڈیفنس کی خاموشی سوالیہ نشان بن چکی ہے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے فوری نوٹس لینے اور سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
