ڈی ایس پی ٹریفک جہلم کی ایس ایل ایس کالج کے طلباء کیلئے خصوصی ڈرائیونگ کلاسز کی ہدایت

جہلم: برٹش کونسل کے گولڈ پارٹنر اور ایوارڈ یافتہ ادارہ ایس ایل ایس کالج میں تقریب تقسیم اسناد اور ٹریفک آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر مہمان خصوصی ڈی ایس پی ٹریفک پولیس طارق شفیع نے شرکت کی اور کالج کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے طلبہ کے لیے ترجیحی بنیادوں پر ڈرائیونگ کلاسز فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ ایم ڈی ایس ایل ایس کالج سرفراز ملک نے استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے تقریب کے اغراض و مقاصد بیان کیے اور ٹریفک آگاہی پروگرام کے اہمیت کو اجاگر کیا۔
ٹریفک آگاہی سیمینار میں سب انسپکٹر ہارون رشید نے طلبہ کو ٹریفک قوانین پر لیکچر دیا اور محفوظ ڈرائیونگ کے اصولوں پر روشنی ڈالی۔ ڈی ایس پی طارق شفیع نے اپنے خطاب میں ٹریفک قوانین کی پابندی کی اہمیت پر زور دیا اور ایس ایل ایس کالج کی تعلیمی خدمات کو سراہا۔
تقریب کے اختتام پر کامیاب طلبہ میں آئلز، کمپیوٹر، اسپوکن انگلش، اور گرافک ڈیزائننگ کے کورسز کی اسناد تقسیم کی گئیں۔ مہمان خصوصی کو ایم ڈی ایس ایل ایس کالج کی جانب سے یادگاری شیلڈ اور دیگر مہمانوں کو تحائف پیش کیے گئے۔
ایم ڈی سرفراز ملک نے ٹریفک پولیس کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے آئی جی پنجاب کی جانب سے موٹر سائیکل سواروں کے لیے بغیر ٹیسٹ ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کی مہم کو سراہا اور مستقبل میں اس طرح کے مزید پروگرامز کے انعقاد کے عزم کا اعادہ کیا۔



