ضلع جہلم میں دھند اور سردی کی شدت میں اضافہ، نظام زندگی بری طرح متاثر

جہلم: ضلع جہلم اور ملحقہ علاقوں میں سردی اور دھند کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے، جس سے نظام زندگی متاثر ہو کر رہ گیا ہے۔ سرد موسم اور خشک ہوا کے باعث شہری بخار، نزلہ، زکام اور کھانسی جیسی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ ہسپتالوں اور ڈاکٹرز کے کلینکس میں مریضوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
جی ٹی روڈ پر صبح اور شام کے اوقات میں گہری دھند کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے۔ موٹروے پولیس حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور فوگ لائٹس کے استعمال کی تاکید کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ڈرائیورز گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ رکھیں تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔
سردی کی شدت کے باعث شہریوں نے لنڈا بازار سے گرم کپڑوں کی خریداری شروع کر دی ہے جبکہ خشک میوہ جات کی مانگ میں بھی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ اس صورت حال سے مذکورہ کاروبار کرنے والوں کی چاندی ہو رہی ہے۔
ماہرین صحت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سردی سے بچاؤ کے لیے گرم کپڑوں کا استعمال کریں اور دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔ شہریوں کو گھروں میں رہنے اور گرم مشروبات کا استعمال بڑھانے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو محتاط ڈرائیونگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھند کے دوران گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں اور رفتار کم رکھیں۔ غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے سے حادثات کی شرح کم کی جا سکتی ہے۔



