جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کونسل کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں صحت کی سہولیات، طبی اداروں کی کارکردگی اور شہریوں کو معیاری علاج معالجے کی فراہمی سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سی ای او ہیلتھ اتھارٹی میاں مظہر حیات، ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر زاہد تنویر سمیت محکمہ صحت کے دیگر افسران و عملے نے شرکت کی۔ شرکاء نے سرکاری طبی اداروں میں دستیاب سہولیات، مریضوں کی دیکھ بھال، انتظامی امور اور عوامی ضروریات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
متعلقہ حکام کی جانب سے محکمہ صحت کی جانب سے جاری اقدامات، دستیاب وسائل اور درپیش ضروریات کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی، جبکہ صحت کی خدمات کو مزید موثر بنانے کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے کہا کہ شہریوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سرکاری صحت مراکز میں مریضوں کی بہتر دیکھ بھال، دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال اور طبی خدمات کے معیار میں بہتری کے لیے ذمہ داری اور باہمی رابطے کے ساتھ اقدامات جاری رکھے جائیں۔
