سوہاوہ: شہریوں کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سوہاوہ کا تفصیلی دورہ کیا۔
دورے کے دوران انہوں نے آؤٹ ڈور، آپریشن تھیٹر اور مختلف وارڈز میں جا کر طبی سہولیات اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔
اسسٹنٹ کمشنر غزالہ اصغر نے ہسپتال میں ڈاکٹروں اور دیگر عملے کی حاضری چیک کی، جو موقع پر ڈیوٹی پر موجود پائے گئے۔ انہوں نے ادویات کے اسٹاک کا بھی معائنہ کیا اور فارمیسی میں ادویات کی دستیابی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ معائنے کے دوران آؤٹ ڈور اور آپریشن تھیٹر مکمل طور پر فعال حالت میں پائے گئے۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے وارڈز میں زیرِ علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان سے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات اور سروس ڈیلیوری کے حوالے سے دریافت کیا۔ مریضوں نے ڈاکٹروں کے خوش اخلاق رویے اور مفت ادویات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کی دیکھ بھال اور علاج معالجے کے معیار کو اسی طرح برقرار رکھا جائے اور عوام کو بہتر سے بہتر صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
