روزہ محض بھوکا رہنے کا نام نہیں بلکہ احساس اور عبادت ہے، پیر سید ریاض حسین شاہ

جہلم: معروف عالم دین پیر سید ریاض حسین شاہ خطیب اعظم مدنی جامعہ مسجد نئی آبادی کھرالہ نے کہا ہے کہ روزہ محض بھوکا اور پیاسا رہنے کا نام نہیں بلکہ یہ ایک ایسا مقدس عمل ہے جو ہمیں اپنے جسمانی، روحانی اور اخلاقی امور کی تربیت فراہم کرتا ہے۔ روزے کا مقصد صرف کھانے پینے سے رک جانا نہیں بلکہ اپنے ہاتھ، زبان، آنکھ، کان اور دل کو بھی ہر قسم کے برے کاموں سے محفوظ رکھنا ہے۔

انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ روزے کا حقیقی مقصد یہ ہے کہ ہم اپنے ہاتھ سے کسی پر ظلم نہ کریں، زبان سے کسی کو تکلیف نہ پہنچائیں، آنکھ سے کسی کو بری نظر سے نہ دیکھیں اور کان سے کسی کی بری بات کو نہ سنیں۔ روزہ ہمیں صبر، برداشت اور تقویٰ کا درس دیتا ہے تاکہ ہم بہتر انسان بن سکیں۔

پیر سید ریاض حسین شاہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم روزے کی حالت میں ہونے کے باوجود ان تمام برائیوں میں ملوث رہتے ہیں جن سے روزہ ہمیں روکنے کی تلقین کرتا ہے۔ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی ہم ذخیرہ اندوزی کرتے ہیں، اشیاء میں ملاوٹ کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے اور ایک دوسرے کے حقوق غصب کرنے سے باز نہیں آتے۔ یہ وہ رویے ہیں جو رمضان کے روحانی پیغام کے سراسر منافی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک اللہ کی رحمت، مغفرت اور بخشش کا مہینہ ہے، جس میں عبادات کا ثواب کئی گنا بڑھا دیا جاتا ہے۔ یہ مقدس مہینہ ہمیں نیکیوں میں سبقت لے جانے اور اللہ پاک کے قریب ہونے کا سنہری موقع فراہم کرتا ہے۔ روزہ ہمیں دوسروں کی بھوک اور ضرورتوں کا احساس دلاتا ہے، دل کو نرم اور اعمال کو بہتر بنانے کی تربیت دیتا ہے۔

آخر میں پیر سید ریاض حسین شاہ نے عوام الناس کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ اس بابرکت مہینے میں زیادہ سے زیادہ عبادات کریں، نیکیوں میں اضافہ کریں اور اپنی زندگی کو تقویٰ اور پرہیزگاری کے اصولوں پر استوار کریں۔ دوسروں کی مدد کریں، مخلوق خدا میں آسانیاں تقسیم کریں اور اس مقدس مہینے کے اصل پیغام کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button