جماعت اسلامی کا غزہ ملین مارچ؛ ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری کی قیادت میں جہلم سے شہریوں کی بھرپور شرکت

دینہ/ اسلام آباد: جماعت اسلامی کا اسلام آباد میں غزہ ملین مارچ، ضلع جہلم سے ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری کی قیادت میں بچوں، مرد اورخواتین نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے زیرِ اہتمام گزشتہ روز جی نائن پارک اسلام آباد میں غزہ ملین مارچ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک بھر سے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا۔

مارچ میں مرد، خواتین، بچے، بزرگ اور نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی، جبکہ ضلع جہلم سے امیر جماعت اسلامی ضلع ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری کی قیادت میں ایک بڑا قافلہ شریک ہوا، جس میں تمام عمر کے افراد شامل تھے۔

جلسہ گاہ کے شرکاء نے فلسطین کے حق اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسرائیل کو فلسطین پر ظلم و بربریت فوری طور پر بند کرنا ہوگا۔ انہوں نے اسرائیل کو نسل کش قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ اسرائیل کی مکمل حمایت کر رہا ہے، لیکن پاکستانی عوام فلسطین کے ساتھ کھڑی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے حکمرانوں اور افواج کو فلسطین میں جاری جنگ بندی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے امریکہ کی جانب سے پاکستان پر دباؤ ڈالنے اور میزائل پابندیوں کی دھمکیوں کی مذمت کی اور کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے، جسے عوام نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی قیادت میں مضبوط بنایا ہے، اور اس کی حفاظت بھی عوام کریں گے۔

حافظ نعیم نے موجودہ حکمرانوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ پی ڈی ایم ٹولہ صرف اپنے مفادات کے لیے مسلط ہے۔ عوام کو متحد ہو کر اس ظالمانہ نظام سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔

Exit mobile version