جہلم: ضلع جہلم میں پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ حالیہ کارروائیوں میں تھانہ صدر اور تھانہ ڈومیلی پولیس نے اہم کامیابیاں حاصل کیں اور ناجائز اسلحہ رکھنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں ایس ایچ او تھانہ صدر اور ان کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم عادل کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے 30 بور پسٹل بمعہ ایمونیشن برآمد کر لیا گیا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
اسی طرح ایس ایچ او تھانہ ڈومیلی اور ان کی ٹیم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزم دلاور عباس کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے 12 بور بندوق برآمد کی گئی، جسے پولیس نے قبضے میں لے کر ملزم کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے ان کامیاب کارروائیوں پر پولیس ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں ناجائز اسلحہ رکھنے والے عناصر کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری رہے گا تاکہ امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے۔
