جہلم: ضلع جہلم میں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے،محکمہ موسمیات نے بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کررکھی ہے۔
حالیہ بارشوں نے جہاں موسم میں ٹھنڈک بڑھا دی ہے وہیں شہریوں نے ایک بار پھر گرم کپڑوں کا استعمال شروع کر دیا ہے۔
حالیہ بارشوں کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جبکہ دوسری جانب ان بارشوں نے مقامی کسانوں کے لیے بھی مشکلات پیدا کر دی ہیں۔
کاشتکاروں کے مطابق اس وقت گندم کی فصل ایک حساس مرحلے میں ہے اور مسلسل بارشوں اور نمی کے باعث فصل کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر بارشوں کا سلسلہ جاری رہا تو پیداوار متاثر ہو سکتی ہے، جس سے مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔
کسانوں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری مالی معاونت، زرعی ادویات اور تکنیکی رہنمائی فراہم کی جائے تاکہ ممکنہ نقصان کا ازالہ کیا جا سکے۔
ماہرین زراعت نے بھی حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ متاثرہ علاقوں کا فوری سروے کیا جائے اور کسانوں کے نقصانات کا تخمینہ لگا کر امدادی پیکج متعارف کروایا جائے تاکہ زرعی شعبہ مزید بحران کا شکار نہ ہو سکے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بارشوں سے جہاں موسم خوشگوار ہوا ہے، وہیں کسانوں کے لیے یہ صورتحال تشویش کا باعث بن گئی ہے۔
