جہلم میں سی سی ڈی کی کارروائی، موٹر سائیکل چور گینگ کا سرغنہ زخمی حالت میں گرفتار

جہلم میں سی سی ڈی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل چور گینگ کے سرغنہ کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔

ترجمان سی سی ڈی جہلم کے مطابق کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ جہلم نے تھانہ صدر کی حدود میں "کھرالہ” کے مقام پر مشکوک افراد کی اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل چور گینگ کے سرغنہ کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔

ترجمان سی سی ڈی کے مطابق ٹیم کے پہنچتے ہی ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں ایک گولی پولیس کانسٹیبل کے سینے پر لگی، تاہم بلٹ پروف جیکٹ ہونے کی وجہ سے وہ محفوظ رہے۔

ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے، لیکن پولیس نے تعاقب جاری رکھا۔ کچھ ہی دیر بعد ایک ملزم زخمی حالت میں پکڑا گیا جس کی شناخت کاشف حسین ولد آصف حسین سکنہ نیا محلہ جہلم کے نام سے ہوئی، جبکہ اس کا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گیا۔

سی سی ڈی کے مطابق زخمی ملزم کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال جہلم منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ اس کے قبضے سے ایک پسٹل بھی برآمد ہوا ہے۔ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ کاشف حسین موٹر سائیکل چور گینگ کا سرغنہ ہے اور اس کے خلاف 20 سے زائد مقدمات درج ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ گرفتار ملزم سے مزید انکشافات متوقع ہیں۔

Exit mobile version