جلالپور کندوال نہر منصوبے میں ناقص حکمت عملی، رتوال کے مکین محصور ہو کر رہ گئے

پنڈدادنخان: جہلم کی تحصیل پنڈ دادنخان میں زیر تعمیر جلالپور کندوال نہر کے منصوبے میں ناقص حکمت عملی کے باعث یونین کونسل جلالپور شریف کے گاؤں رتوال کے رہائشی محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

گاؤں کے مکین گزرگاہ کے حصول کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ متعدد بار حکام بالا کو تحریری درخواستیں دی گئیں، لیکن کسی قسم کی شنوائی نہیں ہو سکی، جس کے بعد رتوال کے رہائشی احتجاج کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

رتوال گاؤں پہاڑ کے دامن میں آباد ہے، جس کے سامنے سے زیر تعمیر جلالپور نہر گزر رہی ہے۔ جنوب کی جانب زرعی رقبہ ہے، جہاں کے رہائشی کاشتکاری کے ذریعے اپنی گزر بسر کرتے ہیں۔ راستہ بند ہونے کے باعث کاشتکاری اور روزمرہ کے کاموں میں مشکلات درپیش ہیں۔

دوسری جانب گاؤں میں گرلز سیکنڈری اسکول اور بوائز ہائی اسکول موجود ہیں، جہاں آس پاس کے دیہات کے طلبا و طالبات تعلیم کے حصول کے لیے آتے ہیں۔ راستے کی عدم دستیابی کے سبب طلبا و طالبات کو اسکول پہنچنے میں شدید دشواری کا سامنا ہے جبکہ مقامی افراد کے لیے بھی روزمرہ کے امور انجام دینا مشکل ہو گیا ہے۔

مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی مشکلات کا فوری نوٹس لیا جائے اور گزرگاہ فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ احتجاج کرنے والے افراد نے کہا ہے کہ اگر ان کے مسائل حل نہ کیے گئے تو وہ احتجاج کو مزید وسیع کریں گے۔

Exit mobile version