جہلم میں شادی شدہ خاتون سے اجتماعی زیادتی میں ملوث مرکزی ملزم گرفتار

جہلم: تھانہ چوٹالہ پولیس نے اجتماعی زیادتی کے مقدمہ میں اہم کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔

رپورٹ کے مطابق اجتماعی زیادتی کا افسوسناک واقعہ جہلم میں تھانہ چوٹالہ کے علاقے سنگھوئی میں پیش آیا تھا، جہاں تین افراد نے مبینہ طور پر ایک شادی شدہ خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا اور مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ خاتون چار بچوں کی ماں ہے جبکہ اس کا شوہر بیرون ملک مقیم ہے۔ خاتون گھر میں اپنے بچوں کے ساتھ موجود تھی کہ اس دوران تین افراد مبینہ طور پر زبردستی گھر میں داخل ہوئے۔ دو ملزمان نے خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا جبکہ ایک ملزم دروازے پر کھڑا رہا۔

تھانہ چوٹالہ پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور اسے ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا تاکہ قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ خواتین اور بچوں کے خلاف جنسی جرائم جیسے سنگین مقدمات میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور ایسے جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی جاری رہے گی۔

Exit mobile version