جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیر صدارت ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر میں جاری ریونیو، ترقیاتی اور عوامی فلاحی منصوبوں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی اور اپنے اپنے شعبوں سے متعلق جاری سرگرمیوں پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں پنجاب اربن لینڈ سسٹمز انہانسمنٹ (PULSE) پروگرام کی پیش رفت، گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس کے اجرا، واسا جہلم کے انتظامی و ترقیاتی امور، شہر کی خوبصورتی کے منصوبوں اور سُتھرا پنجاب پروگرام کے تحت جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ افسران نے جاری منصوبوں کی موجودہ صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق آگاہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوامی سہولیات کی فراہمی کو مزید بہتر بنایا جائے اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
اجلاس کے دوران مالی سال 2026-27 کے لیے ویلیوایشن ٹیبل کی تیاری، زرعی انکم ٹیکس کی وصولیوں، جلال پور اریگیشن پراجیکٹ پنڈ دادن خان سے متعلق پیش رفت اور سرکاری املاک کے ریکارڈ و انتظامی امور کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کو اپنے مقررہ اہداف اور ذمہ داریاں بروقت مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام سرکاری محکمے باہمی رابطے، مؤثر حکمت عملی اور مربوط انداز میں کام کرتے ہوئے حکومتی پالیسیوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ شفافیت، جوابدہی اور عوامی خدمت کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبوں کی نگرانی کی جائے تاکہ ترقیاتی کاموں کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچ سکیں۔
میر رضا اوزگن نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور ریونیو امور میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
