جہلم: صدر سبزی و فروٹ منڈی چوہدری مظہر حسین نے کہا ہے کہ جہلم کی سبزی و فروٹ منڈی میں کام کرنے والے دکاندار اس وقت شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ منڈی میں صاف پانی کی فراہمی نہ ہونے، نکاسی آب کے ناقص انتظامات اور واش رومز کی عدم دستیابی کی وجہ سے نہ صرف کاروباری افراد بلکہ روزانہ کی بنیاد پر آنے والے صارفین کو بھی سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
چوہدری مظہر حسین نے کہا کہ منڈی کے داخلی راستے پر گندے اور بدبودار پانی کے جوہڑ کی وجہ سے شدید تعفن پھیل چکا ہے۔ یہ صورتحال صرف دکانداروں کے لیے ہی نہیں بلکہ خریداروں کے لیے بھی اذیت ناک ہے۔ سیوریج کا پانی منڈی کے اندر تک پھیل چکا ہے، جس نے کام کے ماحول کو نہایت غیر صحت بخش بنا دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کو بارہا آگاہ کیا جا چکا ہے لیکن بدقسمتی سے تاحال کسی قسم کا عملی اقدام نہیں کیا گیا۔ سبزی و فروٹ منڈی میں واٹر فلٹریشن پلانٹ اور خریداروں و دکانداروں کے لیے باقاعدہ واش رومز کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے، جسے نظر انداز کرنا شہریوں اور تاجروں دونوں کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہے۔
چوہدری مظہر حسین نے انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر منڈی کے بنیادی مسائل کی جانب توجہ دے تاکہ دکاندار سکون سے اپنا کاروبار جاری رکھ سکیں اور خریدار بھی ایک بہتر ماحول میں خریداری کر سکیں۔
