دینہ سے 8 ماہ قبل اغواء ہونے والے دو افغانی بچوں کو بازیاب کر لیا گیا۔ اغواء کار بچوں کو اغواء کر کے لاہور لے گیا جہاں ان سے بھیک منگواتا رہا۔ ایس ایچ او تھانہ دینہ نے جدید سائنسی طریقہ کار اور وسائل بروئے کار لاتے ہوئے بچوں کو کو لاہور سے بازیاب کرایا، پولیس نے ملزم کو بھی گرفتار کر لیا۔
دونوں افغانی بچے 13 مئی 2024 کو جہلم کی تحصیل دینہ کے علاقہ نئی آبادی سید حسین نزد مفتیاں سے اغواء ہوئے تھے۔ ایس ایچ او تھانہ دینہ احسان عباس شاہ کی قیادت میں ٹیم نے جدید سائنسی طریقہ کار اور وسائل کا استعمال کرتے ہوئے بچوں کو لاہور سے بازیاب کیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق اغواء کی اس واردات میں ملوث اشتہاری مجرم قمر شہزاد ولد افتخار الدین سکنہ پنڈدادنخان کو بھی گرفتار کیا گیا۔ ملزم قمر شہزاد نے بچوں کو اغواء کر کے لاہور منتقل کیا اور وہاں انہیں زبردستی بھیک منگواتا تھا۔
ملزم کباڑ کا کام کرتا تھا اور بچے سکول سے چھٹی کے بعد اس کے ہاں کام کرتے تھے، جہاں موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملزم نے دونوں بچوں کو اغواء کر لیا تھا۔ بچوں کے والد کی مدعیت میں اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس پر ایس ایچ او احسان عباس شاہ کی قیادت میں پولیس ٹیم نے اس پیچیدہ کیس کو کامیابی سے حل کرتے ہوئے دونوں بچوں کو بازیاب کر کے لواحقین کے حوالے کر دیا۔
بچوں کی بازیابی پر شہریوں اور والدین نے پولیس کی شاندار کارروائی پر ان کی کاوشوں کو سراہا اور احسان عباس شاہ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
