دینہ میں ریسکیو 1122 نے طبی امداد دینے کی اعلیٰ مثال قائم کر دی

دینہ: گورنمنٹ بوائز گریجویٹ کالج دینہ میں نویں جماعت کے ریاضی کے پرچے کے دوران ایک طالبعلم کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی، تاہم ریسکیو 1122 جہلم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ طالبعلم کو کمرہ امتحان میں ہی فوری طبی امداد فراہم کی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق گزشتہ روز کنٹرول روم 1122 کو اطلاع موصول ہوئی کہ کمرہ امتحان میں موجود 15 سالہ طالبعلم ذیشان کی طبیعت بگڑ گئی ہے۔ کال موصول ہونے کے محض 2 منٹ کے اندر ریسکیو ایمبولینس موقع پر پہنچ گئی، جہاں ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن نے ذیشان کو طبی امداد فراہم کی اور کمرہ امتحان میں ہی ڈرِپ لگا دی۔

قابلِ ذکر امر یہ ہے کہ طالبعلم نے طبی امداد حاصل کرتے ہوئے بھی امتحانی پرچہ مکمل کیا جبکہ ریسکیو اہلکار قریب 50 منٹ تک ڈرپ اپنے ہاتھ میں پکڑے کھڑا رہا۔ اس جذبے پر طالبعلم، ایگزامینر اور دیگر موجود افراد نے ریسکیو 1122 کے عملے کو خراج تحسین پیش کیا۔

شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ ریسکیو 1122 کی پیشہ ورانہ خدمات اور انسان دوستی قابل فخر اور قابل تقلید ہیں، اور ایسے واقعات ادارے کی سنجیدگی اور عوامی فلاح کے جذبے کا ثبوت ہیں۔

Exit mobile version