جہلم پولیس کے ضلع بھر میں سرچ آپریشنز، افغان شہری سمیت 4 ملزمان گرفتار

جہلم پولیس نے ضلع بھر میں سرچ آپریشنز کرتے ہوئے افغان شہری سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایت پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس کے مطابق مختلف علاقوں میں کیے گئے 16 سرچ آپریشنز کے دوران 440 افراد، 180 گھروں جبکہ 25 ہوٹلز اور بس اسٹینڈز کو چیک کیا گیا۔

ترجمان جہلم پولیس کے مطابق سرچ آپریشنز کے دوران تھانہ منگلا کینٹ اور تھانہ چوٹالہ کے علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے ایک منشیات فروش، ایک شراب سپلائر، غیر قانونی طور پر مقیم ایک افغان شہری اور ایک اشتہاری مجرم سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضہ سے مجموعی طور پر 20 لیٹر شراب اور 520 گرام چرس برآمد ہوئی، جبکہ گرفتار افراد سے مزید تفتیش اور قانونی کارروائی جاری ہے۔

پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص، غیر قانونی طور پر مقیم فرد یا جرائم پیشہ سرگرمی میں ملوث عناصر کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔ پولیس کے مطابق بروقت اطلاع کسی بڑے جرم کی روک تھام میں مددگار ثابت ہونے کے ساتھ معاشرے میں امن و امان کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اگر کسی شہری کے علم میں کوئی ایسا شخص آئے جو بغیر کوائف کے رہائش پذیر ہو، مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث ہو یا قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہو تو فوری طور پر قریبی تھانے یا پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی جائے۔

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

Exit mobile version