اسلام آباد: الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام دوسری ملک گیر نیشنل کانفرنس ’’ہیلنگ دی ہیلرز‘‘ 19 ستمبر 2026 کو صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک مووین پک ہوٹل سینٹورس اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔ کانفرنس میں پاکستان بھر سے نامور ڈاکٹرز، پروفیسرز اور شعبہ صحت سے وابستہ ماہرین شرکت کریں گے۔
کانفرنس میں سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کے شیخ و الفلاح فاؤنڈیشن کے پیٹرن اِن چیف امیر عبدالقدیر اعوان خصوصی خطاب کریں گے، جبکہ ملک کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے معروف پروفیسرز اور ڈاکٹرز بھی اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔
منتظمین کے مطابق کانفرنس کا بنیادی مقصد شعبہ صحت سے وابستہ افراد کی فلاح و بہبود، ان کے ذہنی اور عملی بوجھ میں کمی اور معاشرے کی بہتری کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دینا ہے۔ کانفرنس میں پاکستان کی مختلف معتبر ڈاکٹرز تنظیمیں بھی شرکت کریں گی، جن میں پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن پنجاب، پاکستان پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن پنجاب، پاکستان ایسوسی ایشن آف فیملی فزیشنز پنجاب، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پاکستان اور مائنڈ آرگنائزیشن شامل ہیں۔
الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے مطابق یہ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کی ذیلی فلاحی تنظیم ہے، جس کا بنیادی مقصد ملک بھر میں انسانیت کی بے لوث خدمت ہے۔ تنظیم کی بنیاد حضرت امیر محمد اکرم اعوانؒ نے رکھی اور اسے 1991 میں رجسٹرڈ کرایا گیا۔ فاؤنڈیشن کے مطابق یہ ادارہ سلسلہ عالیہ کی جانب سے 1960 کی دہائی سے جاری فلاحی سرگرمیوں کا تسلسل ہے۔
موجودہ دور میں الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کے شیخ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان امیر عبدالقدیر اعوان کی سرپرستی میں فلاحی سرگرمیاں انجام دے رہی ہے۔ فاؤنڈیشن کے مطابق اس کی سرگرمیاں کسی سیاسی یا فرقہ وارانہ وابستگی کے بغیر خلقِ خدا کی خدمت کے جذبے کے تحت جاری ہیں۔
الفلاح فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ اس کا بنیادی مقصد غریب اور مستحق افراد کو ان کی دہلیز پر، ان کی عزتِ نفس کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے فوری اور پائیدار فلاحی، طبی، آفات اور ہنگامی خدمات فراہم کرنا ہے۔ اس مقصد کے لیے تنظیم مختلف شعبوں میں فلاحی سرگرمیاں انجام دے رہی ہے۔
فاؤنڈیشن کی جانب سے باقاعدگی سے مفت طبی کیمپ بھی منعقد کیے جاتے ہیں، جہاں مریضوں کا مفت معائنہ کرنے کے ساتھ ادویات فراہم کی جاتی ہیں اور ماہر ڈاکٹرز کی ٹیمیں طبی خدمات انجام دیتی ہیں۔
قدرتی آفات، خصوصاً سیلاب اور زلزلوں کے دوران بھی الفلاح فاؤنڈیشن امدادی اور بحالی کی سرگرمیوں میں حصہ لیتی ہے۔ متاثرہ افراد کو خشک راشن، گرم کپڑے اور رہائش سے متعلق ضروری اشیا فراہم کرنے کے علاوہ آفت زدہ علاقوں میں گھروں کی بنیادی تعمیر میں بھی معاونت فراہم کی جاتی ہے۔
فاؤنڈیشن کے مطابق تعلیم و تربیت کے شعبے میں بھی مختلف اقدامات کیے جاتے ہیں، جبکہ مستحق افراد کو عدالتی امور کے حوالے سے مفت رہنمائی فراہم کرنے کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔
