پنڈ دادنخان: دریائے جہلم میں نہاتے ہوئے دو نوجوان ڈوب کر جاں بحق ہو گئے، ایک نوجوان کی لاش کو دریا سے نکال لیا گیا ، دوسرے نوجوان کی تلاش جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈ دادنخان میں دریائے جہلم ایک بار پھر انسانی جانوں کے لیے موت کا پیغام بن گیا۔ جھگیاں کے مقام پر نہاتے ہوئے دو نوجوان 17 سالہ محمد عون اور 20 سالہ محمد حسیب مغل گہرے پانی میں ڈوب کر جان کی بازی ہار گئے۔
یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب دونوں نوجوان نہاتے ہوئے اچانک گہرے پانی میں چلے گئے اور پانی کی تیز موجیں انہیں بہا لے گئیں۔
ذرائع کے مطابق محمد عون کی لاش مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت تلاش کر لی جبکہ ریسکیو 1122 تاخیر سے پہنچی جس پر مقامی افراد نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔ ریسکیو 1122 کی غوطہ خور ٹیموں کی جانب سے دوسرے نوجوان محمد حسیب مغل کی لاش کی تلاش تاحال جاری ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں چک نظام کے مقام پر نوجوان محمد ابوبکر بھی دریا میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہو گیا تھا۔ مسلسل واقعات نے مقامی آبادی کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ ڈپٹی کمشنر جہلم کی جانب سے دریائے جہلم میں نہانے پر دفعہ 144 نافذ ہے، جس کے تحت عوامی مقامات پر اس نوعیت کی سرگرمیاں ممنوع ہیں۔ تاہم، موثر عملدرآمد اور حفاظتی اقدامات کے فقدان نے ان احکامات کو بے اثر کر دیا ہے۔
