جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے رمضان سہولت سٹالز قائم کیے جائیں گے، جہاں 16 بنیادی اشیائے ضروریہ سبزی منڈی کے نرخوں پر فروخت کی جائیں گی، جو عام مارکیٹ کے مقابلے میں 10 فیصد تک سستی ہوں گی۔
ضلعی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ رمضان المبارک سے تین روز قبل یہ سہولت بازار فعال کر دیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکمے صارفین تک حکومتی ریلیف کی فراہمی میں مکمل تعاون کریں گے۔
رمضان سہولت بازار میں عوام کو آلو، پیاز، ٹماٹر، ادرک، کدو، لیموں، کیلا، سیب، کھجور، امرود، خربوزہ، آٹا، چینی، دالیں، بیسن، چکن، انڈے سمیت دیگر اشیائے ضروریہ رعایتی قیمتوں پر فراہم کی جائیں گی۔
حکومت نے مارکیٹ کمیٹی، محکمہ انڈسٹریز، لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ خوراک کو رمضان بازاروں کے قیام کی ذمہ داری سونپ دی ہے۔ تمام محکموں سے رمضان سہولت سٹالز کے قیام کے لیے جامع پلان طلب کر لیا گیا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ تمام سٹالز پر اشیائے ضروریہ وافر مقدار میں دستیاب ہوں۔ صبح و شام ان اشیاء کے اسٹاک کو چیک کیا جائے گا اور کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی پر متعلقہ افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے اجلاس میں افسران کو حکومتی ہدایات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب ماہ رمضان میں اشیائے ضروریہ پر بھاری سبسڈی دے رہی ہے، اس لیے ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے مل کر اس حکومتی ریلیف پیکج کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ رمضان بازاروں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں، ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے، صفائی کا خاص خیال رکھا جائے اور اطراف میں تجاوزات کا مکمل خاتمہ کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ تمام رمضان سہولت بازار 25 شعبان تک مکمل طور پر فعال کر دیے جائیں گے تاکہ رمضان المبارک میں عوام کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ عوامی حلقوں نے حکومت پنجاب کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سال رمضان المبارک میں بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام اور وافر دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔
