جہلم: ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال کو مزید مؤثر بنانے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے سلسلے میں جہلم پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز کیے، جن کے دوران سینکڑوں افراد، گھروں، ہوٹلوں اور بس اسٹینڈز کی چیکنگ کی گئی، جبکہ ایک ملزم کو ناجائز اسلحہ رکھنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایات پر ضلع بھر میں 15 مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز کیے گئے۔ اس دوران 408 افراد، 191 گھروں اور 21 ہوٹلوں و بس اسٹینڈز کی جانچ پڑتال کی گئی تاکہ مشتبہ افراد اور جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی کی جا سکے۔
پولیس کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران تھانہ صدر کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو مبینہ طور پر ناجائز اسلحہ رکھنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا، جس کے قبضے سے 30 بور پستول اور گولیاں برآمد کی گئیں۔ ملزم کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق جہلم پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور ضلع میں امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشتبہ شخص، غیر قانونی طور پر مقیم افراد یا جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے بارے میں فوری طور پر قریبی تھانے یا پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ شہریوں کی بروقت اطلاع نہ صرف کسی بڑے جرم کی روک تھام میں معاون ثابت ہو سکتی ہے بلکہ معاشرے میں امن و امان کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔
