دینہ میں خواتین کے بیگوں سے رقم اور موبائل چوری کرنے والی فوزیہ گینگ کی 4 خواتین گرفتار

دینہ: پولیس کی بڑی کارروائی، بازاروں اور مارکیٹوں میں خواتین کو لوٹنے والی "فوزیہ گینگ” کی چار خواتین کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم میں تحصیل دینہ میں ایس ایچ او تھانہ دینہ کی زیر نگرانی انچارج پولیس چوکی سٹی دینہ محمد سجاد اور ان کی ٹیم نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے خواتین کے بیگوں سے رقم اور موبائل فون چوری کرنے والی فوزیہ گینگ کی چار خواتین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار خواتین ملزمان میں ثنیہ عرف فوزیہ، زونیہ، عاصمہ اور آمنہ شامل ہیں۔ کارروائی کے دوران ملزمان سے چوری شدہ رقم 40 ہزار روپے اور موبائل فون برآمد کیے گئے۔ ملزمہ ثنیہ عرف فوزیہ کے قبضے سے 520 گرام آئس بھی برآمد ہوئی۔

پولیس نے بتایا کہ یہ خواتین بازار میں خریداروں کے بیگوں سے رقم اور موبائل فون چوری کرنے میں ملوث تھیں۔ تمام ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد کے ساتھ قانونی کارروائی کی جا رہی ہے اور انہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ قرار واقعی سزا دی جا سکے۔

Exit mobile version