ڈپٹی کمشنر جہلم کا مین بازار میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کا جائزہ، دکانداروں کو وارننگ

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے تجاوزات کے خلاف جاری مہم کا جائزہ لینے کے لیے مین بازار، تحصیل روڈ، چاندنی چوک اور شاندار چوک کا دورہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر جہلم کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صباء سحر، اسسٹنٹ کمشنر جہلم شمس الحق اور سی او میونسپل کمیٹی مبارک علی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر انجمن تاجران کے رہنما بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے عارضی تجاوزات قائم کرنے والے متعدد دکانداروں کو سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے پنجاب حکومت کی ہدایات کے مطابق بلا تفریق آپریشن جاری ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ تجاوزات خود ختم کرکے شہر کی خوبصورتی اور کشادگی کے لیے انتظامیہ کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات نہ صرف شہریوں کے لیے مشکلات پیدا کرتی ہیں بلکہ کاروباری سرگرمیوں میں بھی رکاوٹ بنتی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ تجاوزات کے خاتمے میں تعاون نہ کرنے والے دکانداروں کے کاروباری مراکز فوری طور پر سیل کریں تاکہ آپریشن کو مؤثر اور نتیجہ خیز بنایا جا سکے۔



