سوہاوہ: وزیراعلیٰ پنجاب کا ’ستھرا پنجاب‘ مشن، شدید گرمی کے باوجود عیدالاضحیٰ پر مثالی صفائی، ورکرز میں 10 ہزار روپے فی کس تقسیم کر دیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ’ستھرا پنجاب‘ وژن کے تحت عیدالاضحیٰ کے موقع پر صوبہ بھر میں مثالی صفائی کے انتظامات کیے گئے، جنہوں نے شدید گرمی کے باوجود عوام کو حیرت اور اطمینان میں مبتلا کر دیا۔
صفائی کے ان بہترین انتظامات پر وزیراعلیٰ پنجاب نے پنجاب ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، ضلعی و تحصیل انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے صفائی مہم میں شامل تمام ورکرز کے لیے 10 ہزار روپے فی کس انعام کا اعلان کیا ہے۔
عید کے تینوں دن جب درجہ حرارت شدید حد تک بلند رہا، صفائی ٹیموں نے سپروائزرز کی بہترین حکمت عملی اور تعاون کے ساتھ دن رات محنت کی۔ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں اور فضلے کو بروقت اور موثر انداز میں ٹھکانے لگا کر شہروں میں صفائی کا اعلیٰ معیار برقرار رکھا گیا۔ یہ غیر معمولی کارکردگی ’ستھرا پنجاب‘ مشن کی کامیابی کی روشن دلیل بن کر سامنے آئی۔
اسی سلسلے میں سوہاوہ میں ’دیس پردیس مارکی‘ میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں سابقہ ایم پی اے و پارلیمانی سیکرٹری راجہ اویس خالد نے صفائی ورکرز کی خدمات کو سراہا اور حکومت پنجاب کی جانب سے اعلان کردہ انعامی رقم ان میں تقسیم کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ اویس خالد نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا ’ستھرا پنجاب‘ صرف صفائی کی مہم نہیں بلکہ یہ شہریوں کو ایک صاف، صحت مند اور باوقار ماحول فراہم کرنے کا مشن ہے۔ انہوں نے صفائی ورکرز کو معاشرے کا قابل احترام ستون قرار دیتے ہوئے ان کی قربانی، محنت اور لگن پر خراج تحسین پیش کیا۔
راجہ اویس خالد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پنجاب صفائی ورکرز سمیت تمام شہری خدمتگاروں کو ان کا جائز مقام دے گی اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔
